ایف آئی اے میں علی محمد خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، عدالت کو آگاہ کر دیا گیا

پولیس نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایف آئی اے میں علی محمد خان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، عدالت کو آگاہ کر دیا گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی محمد خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔پولیس نے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا ۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ پولیس کو مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے وقت دیا جائے، جسٹس حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ مقدمات کی تفصیلات لے کر عدالت کو آگاہ کریں۔عدالت نے پولیس کو وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ مردان ذیشان گل نے ترقیاتی سکیموں میں خوردبرد کے الزام میں گرفتار سابق وزیر مملکت علی محمد خان کو 14 روزہ جو ڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو اس دوران تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ علی محمد خان نے اپنے حلقے میں ترقیاتی سکیموں کے من پسند ٹھیکیداروں کو زیادہ قیمت پر ٹھیکے الاٹ کیے تھے۔ مذکورہ مقدمے میں سابق صوبائی وزرا عاطف خان، طفیل انجم اور لوگل گورنمنٹ کے افسران سمیت 15 ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان نے ٹھیکوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 78لاکھ روپے نقصان پہنچایا ۔
ملزم سے تفتیش کی ضرورت ہے لہذا ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر حوالہ کیا جائے ، دوسری جانب ملزم کے وکیل ندیم شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہائیکورٹ میں تفصیل جمع کرائی گئی ہے کہ علی محمد خان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے اس کے باوجود گزشتہ روز انہیں دوبارہ گرفتارکیا گیا۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔