استحکام پاکستان پارٹی نفرتیں اور شدت پسندی ختم کرے گی: فردوس عاشق اعوان

لاہور: (نیوز ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں، جلد پارٹی کا منشور پیش کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم دوسروں پر تنقید تو کرتے رہے لیکن مسائل کا حل کسی نے نہ بتایا، استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے ملک کو درپیش مسائل سے نمٹا جائے گا، عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، ان حالات میں کوئی ایک جماعت یا فرد واحد مسائل کا حل نہیں نکال سکتا، بحیثیت پاکستانی ملکر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کیساتھ ملانا ہو گا، عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے حکمت عملی پر کام کرنا ہے، استحکام پاکستان پارٹی نفرتوں کا خاتمہ اور شدت پسندی کو ختم کرے گی، استحکام پاکستان پارٹی کا مقصد ملک میں معاشی و سیاسی محاذ پر بہتری لانا ہے، ہماری پارٹی مسائل کے حل کا روڈ میپ دے گی، موجودہ سیاسی نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔