بجلی کی اوور بلنگ پر 3 سال کی سزا کا بل منظور

غلط بلنگ کرنے والے افسران کی پکڑ ہوگی، ملوث افراد کیخلاف نیپرا کارروائی کرے گی۔ وفاقی وزیر اویس لغاری کی گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں بجلی صارفین کی اوور بلنگ میں ملوث افراد کے لیے 3 سال کی سزا کا بل منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اوور بلنگ پر 3 سال کی سزا کا بل منظور کیا ہے، اسا حوالے سے ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) میں اوور بلنگ کے خلاف قانون سازی کی منظوری دے دی گئی۔
اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ڈسکوز افسران کو فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے بچانے کیلیے رولز تبدیل کیے ہیں، ایف آئی اے صرف اوور بلنگ کی نشاندہی کرے گی اور ڈسکوز کے افسران کی گر فتاری کی مجاز نہیں ہوگی، تاہم وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ نیپرا ایکٹ میں ترمیم سے متعلق ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، اس شق کے نتیجے میں اوور بلنگ اور غلط بلنگ کرنے والے افسران کی پکڑ ہو سکے گی، اوور بلنگ پر آئندہ سے ایف آئی اے نہیں بلکہ نیپرا کارروائی کرے گی۔
ادھر لیسکو نے تمام سرکلز میں اربوں روپے کی اووربلنگ کیخلاف تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے،گریڈ 20 کے افسران کی سربراہی میں اعلی سطح کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں،تحقیقاتی کمیٹیوں کو 15 روز میں رپورٹ فراہم کرنے کا کہا گیا ہے، کمیٹی کو اووربلنگ کرنے والوں کا تعین کرکے رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، اس مقصد کے لیے چیف انجینئر، ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ہر سرکل میں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے، کمیٹی پتا چلائے گی کہ کب سے کتنی اووربلنگ ہوئی؟ کس نے کروائی؟ ان سب چیزوں کی انکوائری کی جائے گی جب کہ اووربلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کرنے والے افسران کی نشاندہی کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔