ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیا، آئندہ کا روڈ میپ بھی تیار ہے، احسن اقبال

ہم پاکستان میں ترقی کے منصوبوں کو دوبارہ چالو کر رہے ہیں‘ ملک اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا تقریب سے خطاب

نارووال (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیا اور آئندہ کا روڈ میپ بھی تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق نارووال میں تعمیراتی ڈویژن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء کی تبدیلی پاکستان کے عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن گئی، ایک اناڑی اور ناتجربہ کار کو صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دیا گیا، اس نے اپنے سرپرستوں اور ڈونرز کو بنی گالہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کھلی چھٹی دی، پاکستان کے عوام کو لوٹنے کا پرمٹ دیا گیا، نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان سے تمام سرمایہ کار دوڑ گئے، ترقی کے تمام منصوبے بند ہوگئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے نئے ریکارڈ منصوبے لگے، 4 سال کے عرصے میں 2 ہزار کلومیٹر کی موٹرویز کا جال بچھایا گیا، ہم پاکستان میں ترقی کے منصوبوں کو دوبارہ چالو کر رہے ہیں، پاکستان اب دوبارہ ترقی کی طرف اپنا رخ متعین کر رہا ہے، پوری دنیا پاکستان کی طرف سی پیک کے حوالے سے متوجہ ہورہی ہے، پاکستان دنیا کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پاس 2 راستے تھے کہ ہم اپنی سیاست بچالیں یا معیشت کو بحال کرنے کے لیے اپنا قومی فرض ادا کریں، ایسا کرنے کی صورت میں اگر ہماری سیاست اور مقبولیت پر کوئی حرف آئے تو اسے بھی قبول کریں، مسلم لیگ ن کی قیادت نےفیصلہ کیا کہ اس دھرتی ماں کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، آج الحمداللہ ایک برس سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور ہم نے پاکستان کو دیوالیہ نہیں ہونے دیا، ہم نے صرف معیشت کو بحال ہی نہیں کیا بلکہ ان منصوبوں کو بھی دوبارہ فعال کیا جن پر پی ٹی آئی حکومت میں بریک لگادی گئی۔