شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے ایک بار پھر بلا مقابلہ صدر جبکہ مریم نواز شریف بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہو گئیں۔

احسن اقبال جنرل سیکرٹری، مریم اورنگزیب سیکرٹری اطلاعات، اسحاق ڈار سیکرٹری فنانس، عطااللہ تارڑ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری منتخب ہو گئے، اوورسیز اور بین الاقوامی امور کے لیے اسحاق ڈار بلامقابلہ صدر منتخب ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت شروع ہوا، سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز، حمزہ شہباز، احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ، صدر سندھ شاہ محمد شاہ، صدر خیبرپختونخوا امیر مقام سمیت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے بھی اجلاس میں شرکت کی، ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی بیرون ملک ہونے کے باعث جنرل کونسل اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے جنرل کونسل اجلاس میں قرار داد پیش کی، قرارد اد میں نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا، قرار داد میں شہباز شریف خراج تحسین پیش کیا گیا، قرار داد میں مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

قرار داد میں 9 مئی واقعات کی مذمت کی گئی، قرار داد میں شہدا پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا، اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کا مضبوط تنظیمی ڈھانچا موجود ہے، مسلم لیگ ن کو مضبوط بنائیں گے۔

دریں اثنا میاں نواز شریف مسلم لیگ ن کے بطور تاحیات قائد کی ایک بار پھر توثیق کر دی گئی، صوبائی صدور اور سیکرٹری جنرلز کا اعلان پارٹی صدر کریں گے۔

میاں محمد شہباز شریف کو جنرل کونسل نے پارٹی کے فیصلوں کا مینڈیٹ دے دیا، پارٹی کے دیگر عہدیداروں کا فیصلہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کریں گے۔

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے لئے کسی عہدہ کا اعلان نہیں کیا گیا۔