اسحاق ڈار کیخلاف باتیں کرنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں

اسحاق ڈار دن رات محنت کررہا جبکہ کچھ ان کی ٹانگیں کھینچ رہے، اسحاق ڈار نے انتھک محنت سے اپنی صحت خراب کرلی، ابھی کل ہی آذربائیجان کے ساتھ سستی گیس کا معاہدہ کرکے آئے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا جنرل کونسل سے خطاب

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کیخلاف باتیں کرنے والوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں، اسحاق ڈار دن رات محنت کررہا جبکہ کچھ ان کی ٹانگیں کھینچ رہے ، اسحاق ڈار نے انتھک محنت سے اپنی صحت خراب کرلی، ابھی کل ہی آذربائیجان کے ساتھ سستی گیس کا معاہدہ کرکے آئے ہیں۔ انہوں نے مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جنرل کونسل کے اجلاس کو کئی بار مئوخر کروایا، تاوقت کہ نوازشریف خود تشریف لائیں اور میں صدر کی امانت ان کے حوالے کردوں، لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر ایسا نہ ہوسکا، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی اس لئے آج انتخاب کروایا۔
میں مشکور ہوں کہ آپ نے مجھے اور میرے ساتھیوں کو متفقہ طور پر منتخب کروایا، یہ پگ جو میرے سر پر پہنائی ہے، یہ نوازشریف کی امانت ہے، وہ جس دن آئیں گے یہ امانت ان کے حوالے کردوں گا۔
مریم نواز نے جس دن سے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالا، مریم نواز بیٹی دن رات محنت کررہی ہے، بادمخالف کا مقابلہ کررہی ہے، یہ ہر جگہ پہنچ رہی ہے، یہ بڑی باہمت ہے، ملک کے اندر ہماری آبادی کا 60 فیصد نوجوان نسل ہے۔

15سال سے 30سال تک نوجوان ہیں۔ اس قوم کو نوازشریف کی لیڈرشپ کی ضرورت ہے ،وہ جب آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا، نوازشریف پاکستان کی ترقی کا معمار ہیں، 20، 20گھنٹے بجلی کے اندھیرے ختم کئے، موٹرویز بنائیں، قیادت نے اگر جیلیں کاٹیں تو نوازشریف نے آپ کا حوصلہ دیکھا۔ ہم جن حالات میں اقتدار سنبھالا، یہ پھولوں کی سیج نہیں، کانٹوں کی مالا ہے، شدید چیلنجز میں اسحاق ڈار نے بڑی محنت کی ہے، وہ دن رات محنت کررہے ہیں، ان کی محنت پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔
ہم نے آئی ایم ایف کی شرائط منظور کرنے کیلئے الٹے سیدھے ہوگئے ہیں، ہم شارٹ ٹرم میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ملکی ترقی کیلئے کرنا چاہتے ہیں، ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے سیاست کو جھونک دیا ہے۔مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، دنیا میں اشیاء کی قیمتیں، تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بجٹ میں شدید مالی مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین کو 30سے 35فیصد اور پنشن میں ساڑھے 17فیصد اضافہ کیا۔
آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، ہم انشاء اللہ اس سے نکل جائیں گے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ نوازشریف واپس آئیں اور الیکشن لڑ کر چوتھی بار وزیراعظم بنیں۔ نوازشریف واپس آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا۔ جو لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، اسحاق ڈار کے خلاف جو باتیں کررہے ہیں انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، اسحاق ڈار نے دن رات محنت سے اپنی صحت خراب کرلی، لیکن کچھ لوگ ان پرباتیں کررہے ہیں، ابھی کل میں آذربائیجان سے ہوکر آیا ہوں، ان کے ساتھ سستی گیس کا معاہدہ کرکے آئے ہیں، روس سے سستا تیل آیا ہے، میں اس جھوٹے شخص سے پوچھتا ہوں جو دن رات سائفر، امریکا اور امپورٹڈ حکومت کی گردان کررہا تھا، لوگوں کے دلوں میں زہر گھولا کہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے اگر یہ بات تھی تو پھر روس سے سستا تیل کیسے آگیا؟یہ اس کے جھوٹ پر زناٹے دار تھپڑ ہے، 6مہینے اس شخص نے قوم کو ورغلایا، یہ ایک حقیقت اس کے جھوٹ کو ثابت کرنے کیلئے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی کشمیر پالیسی پر یہ باتیں کرتے تھے ۔ لیکن عمران خان نے کہا مودی کامیاب ہوگا توپاکستان کیلئے بہت فائدہ ہوگا، پھر مودی کے گیت گائے، کبھی امپورٹ کھول دیں اور اگلے دن بند کردیں، ہم نے کبھی مودی کے گیت نہیں گائے، نوازشریف نے کشمیر کے بارے بڑی موضوع اور جامع پالیسی بنائی تھی ، نیویارک میں بڑی جامع تقریر کی تھی پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرسکتا ہے لیکن کشمیر کا سودا نہیں ہوسکتا۔نوازشریف کی قیادت میں تمام مشکلات سے باہر نکل آئیں گے۔