پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں پاک فوج طلب کر لی گئی

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں فوج طلب کرنے کے لیے حکومت کو درخواست دے دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں پاک فوج طلب کر لی گئی۔خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں فوج طلب کرنے کے لیے حکومت کو درخواست دے دی۔صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔جب کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر صوبے میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پاک فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت طلب کیا گیا۔پاک فوج ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر صورتحال کشیدہ ہو چکی ہے۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے پُرتشدد مظاہروں کے بعد اہم عمارتوں کی جانب جانے والے راستوں راستوں سیل کر دیا گیا ۔
راستوں پر کنٹینرز لگانے کا سلسلہ شروع، پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

کارکنان گزشتہ روز بھی شہر کی اہم تنصیبات کے اندر داخل ہوئے تھے کارکنان کی جانب سے اہم تنصیاب میں داخل ہو کر توڑ کی گئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے کئی سرکاری گاڑیوں کو آگ لگائی۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے حملے کیے گئے۔سرکاری املاک کو آگ لگانے ، توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ لوٹ مار بھی کی گئی۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کئی شہروں میں پرتشدد احتجاج کیا۔
لاہور میں کارکنوں نے جیل روڈ بند کردیا، دھرم پورہ اور کینال روڈ پر بھی ٹائر جلاکر راستے بند کردیے، مظاہروں کے دوران 3 پولیس اہلکاروں اور ایک کیمرہ مین سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔ اُدھر راولپنڈی میں مری روڈ پر کارکنوں نے احتجاج کیا جبکہ فیض آباد کے مقام پر راستے بند کردیے ۔ کراچی میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے انصاف ہاؤس پر احتجاج کیا اور شارع فیصل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، مظاہرین نے پولیس وین بھی جلادی اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا۔