جزوی لاک ڈاؤن والے شہروں میں کوروناکیسز 12 فیصد سے زیادہ ہیں اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی طلب 7 فیصد بڑھ گئی ہے ، عثمان بزدار

لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے کے 7 شہروں میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 7 شہروں میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے ، کیوں کہ جزوی لاک ڈاؤن والے شہروں میں کوروناکیسز 12 فیصد سے زیادہ ہیں اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی طلب 7 فیصد بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ماسک پہننے کی ایس اوپیز ہر صورت عمل کرے کیوں کہ صوبے میں اس وقت فعال کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار سے زائد ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 64 اموات بھی ہوئی ہیں ، اس صورتحال کے پیش نظرپنجاب حکومت ڈیڑھ ارب روپے کی 10 لاکھ ویکسین منگوائے گی ، جب کہ فرنٹ لائن کے تمام افراد کو ویکسین دینے کی کوشش کی ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور شیخوپورہ مین کورونا کیسز میں اضافے کے باعث تعلیمی ادارے پہلے ہی 11 اپریل تک بند کیے گئے ہیں ، جب کہ ملک بھر میں وسیع پیمانے پر لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا تھا ، اس کے علاوہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا،تمام کمرشل پابندیاں رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ،ہرقسم کی ان ڈور ڈائینگ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے تاہم کھانا پارسل میں لے جانے کی اجازت ہو گی ،تمام تفریحی پارکس بھی بند رہیں گے، ریل گاڑیوں میں 70 فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت ہو گی۔
جب کہ شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ 50 فیصد سواریوں کے ساتھ جاری رہے گی ، بند مقامات پر ہونے والے تمام، ثقافتی ، مذہبی اور موسیقی کے پروگرامز پر پابندی ہو گی ، سینما اور مزارات مکمل طور پر بند رہیں گے ، ملک بھر کی عدالتوں میں لوگوں کی آمد و رفت کم رہے گی،سرکاری و نجی اداروں میں 50 فیصد عملے کی پالیسی برقرار رہے گی، سیاحتی مقامات پر داخلے کے لیے مخصوصی انٹری پوائنٹس بنائے جائیں گے ،ملک بھر میں ہفتے میں دو دن کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی ، کاروبار بند کرنے کے لیے دو دن کے تعین کا فیصلہ صوبے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں