لاہور (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مریم پاکستان بیٹھ کر آپ کا علاج جاری رکھے گی، چند دن بیمار کیا ہوئی، کانپتی لرزتی حکومت کو امید ہوگئی کہ مریم علاج کروانے باہر جانے لگی، میرا آپ کو گھر بھیجنے تک کہیں جانے کا ارادہ نہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ چند دن بیمار کیا ہوئی، کانپتی لرزتی حکومت کو امید ہوگئی کہ شاید مریم علاج کروانے باہر جانے لگی ہے۔
آپ کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے لئے بتا دوں کہ مریم کا آپ کو گھر بھیجنے تک کہیں جانے کا ارادہ نہیں۔ مریم ادھر بیٹھ کر آپ کا علاج جاری رکھے گی انشاءاللّہ ۔ واضح رہے مریم نوازشریف کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد کے باعث ان کی طبیعت خراب تھی۔
جس پر ڈاکٹرز نے مریم نواز شریف کو مکمل آرام کا مشورہ دیا، لیکن 28 مارچ کو مریم نواز طبیعت ناسازی کے باوجود لاہور ہائیکورٹ پیشی پر بھی گئیں، مریم نواز نے اپنی طبیعت ناسازی کے باعث کورونا ٹیسٹ بھی کروایا، لیکن ان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ نیگٹیو آئی۔
جس پر انہوں نے اللہ کا شکریہ ادا کیا اور کارکنان عوام کی دعاؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ عمران حکومت نے تاریخی یو ٹرن لیتے ہوئے بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ کیا مودی اب ہٹلر نہیں رہا؟ کیا مودی نے کشمیر کا غاصبانہ قبضہ چھوڑ دیا ہے؟ کیا کشمیر میں ظلم اور بربریت رک گئی ہے؟ کشمیر کا سودا فقط ایک ارب ڈالر کی قسط مؤخر کروانے کے لئے؟ کچھ شرم کرو حیا کرو۔