مریم نواز اور ن لیگ مقدمے معاف کرانے کیلئے سیاست کے کھیل میں پھنس گئے ،فواد چوہدری

یہ ایسے پھنسے ہیں جیسے چوہا کڑیکی میں پھنستا ہے،اب الیکشن میں جائیں تو فارغ اور نہ جائیں تو سیاست سے ہی فارغ،رہنما تحریک انصاف

لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے مقدمے معاف کرانے کے لالچ میں سیاست کے اس کھیل پھنس گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لینے کیلئے ٹویٹر محاذ سنبھالا اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز اور ن لیگ اپنے مقدمے معاف کرانے کے لالچ میں سیاست کے اس کھیل میں ایسے پھنسے ہیں جیسے چوہا پنیر کے چکر میں کڑیکی میں پھنستا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اب الیکشن میں جائیں تو فارغ اور نہ جائیں تو سیاست ہی فارغ ہیں۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے صدر مملکت کی جانب سے 30 اپریل کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کے اعلان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی انتخابی مہم تو مکمل ہے،عمران خان اگلے ہفتے سے جلسوں میں شرکت کریں گے،پی ٹی آئی اگلے ہفتے ٹکٹوں کا اعلان کرنا شروع کر دے گی۔
جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے،صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کر دہ تاریخوں پر غور کے بعد تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کیلئے تاریخ تجویز کی تھی،الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔
جبکہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا،الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کے لیے 30 اپریل سے 7 مئی کی تاریخیں تجویز کیں۔ اجلاس میں ممبران اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کا مجوزہ انتخابی شیڈول تیار کیا، الیکشن کمیشن نے مئی کے آغاز میں پنجاب کے انتخابات کرانے کا مجوزہ پلان تیار کیا۔