احسن اقبال کا نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر فل کورٹ میں نظرثانی کا مطالبہ

جب نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو اپیل کا حق نہیں دیا گیا،عدلیہ کا احترام ہے لیکن چند مخصوص ججز سے ن لیگ کے خلاف پی ٹی آئی کی حمایت میں فیصلے آ رہے ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال کی گفتگو

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر احسن اقبال نے نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر فل کورٹ میں نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو اپیل کا حق نہیں دیا گیا۔عدلیہ کا احترام ہے لیکن چند مخصوص ججز سے ن لیگ کے خلاف پی ٹی آئی کی حمایت میں فیصلے آ رہے ہیں۔
عمران خان نے اسمبلیاں اس لئے توڑیں تاکہ نظام گر جائے ۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں نیک نیتی کے ساتھ نہیں توڑیں۔کوئی الیکشن سے فرار حاصل نہیں کر رہا، کیا ایسے انتخابات کرانا چاہتے ہیں جس سے مزید تنازعات پیدا ہوں؟.قبل ازیں وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈالر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سلامی دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر ہمارے ملک میں ایسے فیصلے آئیں گے تو سیاسی بے یقینی میں اضافہ ہو گا،ملک کا تھوڑا سا وقار سنبھلتا ہے تو کوئی نہ کوئی ایسا نیا عمل آتا ہے جس سے ملک میں پھر بے یقینی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلی بے یقینی کا معیشت کے ساتھ براہ راست تعلق ہوتا ہے، اگر ملک میں مسلسل آئندہ سال کیلئے بے یقینی رکھنا چاہئے ہیں تو یہ ملک 6مہینے الیکشن الیکشن کھیلتا رہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان میں جو سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے اس کی قیمت پاکستان کے 22کروڑ عوام ادا کر رہے ہیں، سپریم کورٹ کے ذریعے سیاسی فیصلے حاصل نہیں کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی جو کنفیوژن پیدا ہوئی ہے 4معزز ججز نے کیس مسترد کیا ہے، 3ججز نے قبول کیا ہے، الیکشن سے کوئی فرار حاصل نہیں کر رہا ہے، ملک کے اندر مردم شماری عمل شروع ہو گیا ہے، اب سوال یہ ہے کیا آپ نیا آئینی تنازع ملک میں کھڑا کرنا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آدھے ملک میں عام انتخابات نئی مردم شماری، آدھے ملک میں پرانی مردم شماری پر ہوں گے، عمران خان قونصل آف کامن انٹرسٹ کے تحت فیصلہ کر کے گئے ہیں آئندہ الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوں۔