حکمران آٹا، پٹرول، راشن، کفالت کے نام پر قوم کو بھکاری بنانا بند کریں،سردار عبدالحئی لسکانی

لاہور(نمائندہ حالات رخسانہ اسد سے)حکمران آٹا، پٹرول، راشن، کفالت کے نام پر قوم کو بھکاری بنانا بند کریں۔آئے روز نیا ڈرامہ کرکے سیاستدان غریبوں کے احساسات سے کھیلتے ہیں ان خیالات کا اظہارسردار عبدالحئی خان لسکانی رہنما تحریک لبیک پاکستان میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امیر تحریک لبیک پاکستان پی پی 275 سردار عبدالحئی خان نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعتیں پاکستانی غریب عوام کو آٹا، پٹرول، احساس راشن اور بے نظیر کفالت پروگرام کے ذریعے قوم کے غریب عوام کے جذبات و احساسات سے کھیل رہی ہیں ۔ روزانہ غریب عوام، بزرگ و خواتین کو آٹے، راشن وغیرہ کی لائنوں میں دیکھتے ہیں جہاں ان کی تضحیک کی جاتی ہے طویل انتظار کے باوجود ان غریبوں کو شام کیلئے آٹا تک نہیں مل پاتا اور وہ خوار ہو کر چلے جاتے ہیں۔

سردار عبدالحئی خان نے مزید کہا کہ تحریک لبیک پاکستان اقتدار میں آکر یہ تمام نظام ختم کرے گی۔ غریب عوام کو تحریک لبیک کے منشور کے مطابق ان کے قریبی گورنمنٹ آفس جیسے کہ دفتریونین کونسل سے تمام سہولیات میسر کی جائیں گی تاکہ انتظامیہ پر کم سے کم دبائو ہواور زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہو سکیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے دور اقتدار میں مانیٹرنگ کا نظام انتہائی سخت ہوگا تاکہ کوئی بھی کرپشن نہ کر سکے اور جو آفیسرز کرپشن میں ملوث ہونگے انہیں فوری طور پر معطل کر کے اسکے خلاف جبری ریٹائرمنٹ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس دور حکومت میں عوام صرف اس لیے خوار ہیں کیونکہ ہمارے حکمران ہی دین سے بھٹکے ہوئے ہیں اور سود کے بغیر نظام چلانا ہی نہیں چاہتے اگر عوام خوشحال اور ملک پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا ہونا چاہتے ہیں توانہیں تحریک لبیک پاکستان کو موقع دینا ہوگا۔ اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان قاری عمران رضوی، عمران ظفر، نعیم رضوی، مفتی اظہر چشتی و دیگر موجود تھے ۔