شام میں جاری جھڑپوں کے لئے جامع سیاسی حل کی ضرورت ہے لیکن یہ حل قریب نہیں ، اقوام متحدہ

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل دفترکے شام کے لئے نمائندہ خصوصی گیئر پیڈرسن نے کہا ہے کہ شام میں جاری جھڑپوں کے جامع سیاسی حل کی ضرورت ہے لیکن یہ حل قریب نہیں ہے۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ دفتر کے ٹویٹر پیج سے جاری کردہ تحریری بیان میں پیڈرسن نے کہا ہے کہ شامی عوام 2023 میں بھی شدید ہیجان زدہ اور بحرانی ماحول میں دھنسے ہوئے ہیں۔

ملک میں جاری جھڑپوں کے جامع سیاسی حل کی ضرورت ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہ حل زمانہ قریب میں ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جھڑپوں کے حل کے لئے ملک گیر فائر بندی کی ضرورت بدستور محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ شامی آئینی کمیٹی سوٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں کارروائیاں جاری رکھےا ور زیادہ ٹھوس پیش رفتیں حاصل کرے تاہم فی الوقت اس معاملے میں کوئی ایسی صورتحال نہیں ہے جس کی رپورٹ کی جائے۔ نمائندہ خصوصی گیئر پیڈرسن نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے شامیوں کے لئے پُر سہولت قیادت مرحلے کے لئے متحد ہونے کی خاطر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔