کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا: حافظ نعیم الرحمان کا دعویٰ

لاہور: (نیوز ڈیسک) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہوگا اور ہم مثبت تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ لاہور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کراچی منی پاکستان ہے اور وہاں لوگوں نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا ہے، حکومت ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے چلتی ہے، قرضوں اور سود کی ادائیگی حکمران نہیں کرتے، قوم کو اپنے حق کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نمبرز کو آگے پیچھے کرنے کی کوشش کی گئی، ہم نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، ہم نے تمام جماعتوں کو پیشکش کی ہے کہ سیاسی لڑائی لڑتے رہیں لیکن کراچی کی تعمیر و ترقی میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کام کریں۔

امیر جماعت اسلام کراچی کا کہنا تھا کہ کوئی اب کراچی کا حق نہیں مار سکے گا، ہم اپنے اختیار سے زیادہ کام کریں گے، ہم لڑیں گے اور اپنا حق چھین لیں گے۔