فیصل آباد: مرید نے تعویذ کے اثر نہ کرنے پر پیر کو قتل کردیا

تعویذ کے کام نہ کرنے پر مرید نے 10 روز قبل پیر ساجد کو اغواء کیا اور قتل کرکے لاش نہر میں پھنک دی

فیصل آباد ( کرائم ڈیسک ) مرید نے تعویذ کے اثر نہ کرنے پر پیر کو قتل کردیاتعویذ کے کام نہ کرنے پر مرید نے 10 روز قبل پیر ساجد کو اغواء کیا اور قتل کرکے لاش نہر میں پھنک دی۔ پولیس حکام کے مطابق فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں مرید محمد حسن نے بیوی سے صلح کیلئے پیر بابا سے تعویذ لیا مگر اثر الٹا ہوا اور دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔

مقتول کے بھائی صابر کا کہنا ہے کہ جب مرید کے گھر سے اس کی بیوی کے گھر والے سامان اٹھا رہے تھے اس وقت وہ آیا اور بھائی کو ساتھ لے گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے کام کروانے کیلئے پیر کو ہزاروں روپے نذرانہ دیا تھا، یہ رقم تھوڑی تھوڑی کرکے دی گئی تھی، پولیس نے ایک ہفتہ کے اندر ہی ملزم کو گرفتار کرلیا، اس کے ساتھی کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں بھی ایسا ہی ایک واقع پیش آیا تھا۔ پیر نے گاڑی پر قبضہ کرنے کےلیے اپنے مرید کو اغوا کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قریب واقع علاقے باٹا پور سے اغوا ہونے والے شہری کو یپر نے قتل کردیا۔ مقتول اکبر علی اپنے پیر سید وسیم شاہ سے ملنے بدملہی گیا تھا جس کے بعد واپس نہیں لوٹا، اہل خانہ نے اکبر سے رابطہ نہ ہونے پر باٹا پور تھانے میں اغوا کا مقدمہ دو روز قبل ہی درج کروایا تھا۔

ورثا نے الزام لگایا ہے کہ پیر سید وسیم شاہ نے گاڑی ہتھیانے کےلیے مرید اکبر علی کو قتل کیا، پولیس نے مقتول اکبر علی کی گاڑی ملزم کی بہن کے گھر سے برآمد کرلی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اکبر علی کے خون آلود کپڑے اور دیگر اشیاء پیر خانے سے برآمد ہوئے ہیں تاہم مقتول کی لاش تاحال برآمد نہیں ہوسکی ہے۔