اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسداد منشیات آ پریشنز ،منشیات برآمد ، ملزمان گرفتار

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے انسداد منشیات آ پریشنز کے دوران منشیات برآمد کرکے ملزمان گرفتار کر لیے ۔ترجمان کے مطابق پیر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 47 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرکےچارسدہ کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔اے این ایف اور اے ایس ایف کی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کے دوران فلائٹ نمبر کے اے۔
4506 سے بشکیک جانے والےمُلزم سے 62 گرام چرس برآمدکر لی گئی،برآمدشدہ چرس سوہن حلوے کے ڈبے میں چھپائی گئی تھی۔اس موقع پر ہری پور کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا،سی ایم ایچ چوک اٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 7 کلو 200 گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتارکیے گئے۔
دریں اثناء پشاور سے ٹیکسلا منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔موٹر وے پارک پشاور کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 6 کلو چرس برآمد کرکےراولپنڈی کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا۔

اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں مشترکہ کارروائی کے دوران پلاسٹک کے تھیلوں سے 23 کلو 500 گرام چرس برآمدکی گئی۔لاہور گلبرگ 3 میں واقع نجی کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 295 گرام ہیروئین برآمد کی گئی ۔برآمدشدہ منشیات کپڑوں میں چھپائی گئی تھی۔ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔