اسرائیلی پارلیمینٹ میں فلسطینی قیدیوں کی شہریت ختم کرنے کا بل منظور

تل ابیب: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک)اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) نے ان فلسطینی قیدیوں کی شہریت یا رہائش کو منسوخ کرنے کے بل کی منظوری دے دی جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایک کارروائی کے بدلہ میں فلسطینی اتھارٹی سے معاوضہ وصول کیا تھا۔

اسرائیلی خبر رساں اداے کی رپورٹ کے مطابق اس قانون کے مطابق یہ ممکن ہے کہ کسی بھی اسرائیلی عرب شہری کی شہریت منسوخ کر دی جائے اور اس کی سزا کے اختتام پر اسے فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کر دیا جائے ۔

اسرائیلی کنیسٹ میں یہ بل حکومتی اتحادی جماعتوں ’’لیکوڈ‘‘، ’’ریلجیس زائیون ازم‘‘ ، ’’اوٹزما یہودیت‘‘ اور ’’ یونائیٹڈ توراہ جواازم‘‘ ، اسی طرح دو اپوزیشن جماعتوں لاپڈ کی سربراہی میں ’’یش عتید‘‘ اور بینی گانٹز کی سربراہی میں ’’ نیشنل کیمپ‘‘ نے پیش کیا ہے۔

بلوں کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ بل آپریشن کرنے کے لیے تنخواہ وصول کرنے اور شہریت یا رہائش کے حق کے درمیان ایک واضح تعلق کی تجویز کرتا ہے۔

71 ارکان نے بل کی حمایت کی اور 9 ارکان نے اس کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ ۔کنیسٹ رکن احمد طیبی نے کہا کہ یہ اپنی بنیادوں سے نسل پرستانہ قانون سازی ہے۔ دو روز قبل کنیسٹ کمیٹی نے ان بلوں کے لیے قانون سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کی منظوری دی تھی۔

کنیسٹ کی پلینری نے پہلی ریڈنگ میں ہنگامی ضابطوں کی توسیع کی منظوری دی جو مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں پر اسرائیلی قانون نافذ کرتے ہیں۔

اس بل کو نسل پرستی کے قانون کے نام سے جانا جاتا ہے، بل کی حکومتی اتحاد اور اپوزیشن کے 58 کنیسٹ اراکین نے حمایت کی اور 13 نے اس کی مخالفت کی۔