اسلام آباد پولیس کے سابق انسپکٹرکا بیٹا ڈکیتی مزاحمت پر قتل

راولپنڈی(کرائم ڈیسک) راولپنڈی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں اور مزاحمت پر قتل کے واقعات بڑھ گئے، علامہ اقبال پارک کے قریب ڈکیتوں نے مزاحمت پر اسلام آباد پولیس کے سابق انسپکٹر کے 27سالہ نوجوان بیٹے کو گولی مار دی۔
راولپنڈی میں خونی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کوعلامہ اقبال پارک کے قریب مبینہ اسٹریٹ کرائم واردات ہوئی جہاں مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کو ریسکیو 1122ایمولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 27سالہ بلال خورشید کے نام سے ہوئی۔ حکام کے مطابق مقتول اسلام آباد پولیس کے سابق انسپکٹر راجہ خورشید کا بیٹا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مقتول کی لاش ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردی، میڈیکل رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ بلال کے سر میں گولی لگی ہے۔