سندھ میں سستے آٹے کے اسٹال سے ڈاکو 20 تھیلے آٹا چھین کر لے گئے

ایک اور واردات میں 3 ڈاکو آٹے کے اسٹال سے 45 ہزار روپے نقد بھی لوٹ کر فرار ہوئے

سکھر ( کرائم ڈیسک) صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں سستے آٹے کے اسٹال سے ڈاکو 20 تھیلے آٹا چھین کر لے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وشن داس نے بتایا کہ پبلک اسکول کے قریب آٹے کے عارضی اسٹال پر 2 روز میں دوسری ڈکیتی ہوئی، ایک واردات میں 3 ڈاکو آٹے کے اسٹال سے 45 ہزار لوٹ کر فرار ہوئے اور دوسری واردات میں 8 ملزمان آٹے کے 20 تھیلے چھین کر لے گئے، 8 ملزمان 4 موٹر سائیکلوں پر آٹے کے تھیلے لے کر فرار ہوئے، وارداتوں کی اطلاع تحریری طور پر ڈی جی فوڈ کو دے دی، اب آٹے کے ہر اسٹال پر ایک پولیس اہلکار کو تعینات کیا جائے گا۔

گزشتہ روز صوبہ سندھ ہی میں سستا آٹا لینے کے دوران شہری جاں بحق ہوگیا، یہ افسوسناک واقعہ میرپورخاص میں پیش آیا جہاں سستا آٹا لینے کے دوران رش میں گر کر دم گھٹنے کی وجہ سے مزدور جان کی بازی ہار گیا، عینی شاہدین نے بتایا کہ مزدور کا لوگوں کے پیروں تلے آنے اور دم گھٹنے سے انتقال ہوا، جاں بحق ہونے والا 38 سالہ شخص 6 بچوں کا باپ تھا، جاں بحق مزدور کے لواحقین نے پریس کلب کے سامنے لاش رکھ کر احتجاج کیا۔
خیال رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹے کی قیمت 150 روپے سے اوپر چلی گئی ہے، کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں سب سے مہنگا آٹا فروخت ہو رہا ہے، جہاں فی کلو آٹے کی قیمت 160 روپے ہو گئی جب کہ ملک میں مجموعی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30.60 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چاول، مرغی، پیاز، دالوں سمیت 23 اشیاء مہنگی ہوگئیں۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا، جس کے باعث ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جب کہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے کا اضافہ، ٹوٹا چاول کی فی کلو قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 79 روپے مہنگا ہو، رواں ہفتے پیاز کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ہوا، دال مونگ، ماش 3 اوردال چنے فی کلو 2 روپے مہنگی ہوئیں، اسی طرح نمک، تازہ دودھ اور دہی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔