رانا ثناء اللہ کی پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی کو لاہور میں رہنے کی ہدایت

پنجاب میں کسی بھی وقت ارکان اسمبلی کی ضرورت پڑ سکتی ہے،پارٹی کے اندر تحفظات ہوتے ہیں لیکن گروپنگ نہیں،وزیر داخلہ کا پارٹی اجلاس میں اظہار خیال

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی لاہور میں ہی قیام کریں،پنجاب میں کسی بھی وقت ممبران اسمبلی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر سنیئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
رانا ثناء اللہ نے پنجاب کے تمام لیگی ارکان اسمبلی کو لاہور میں رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب میں کسی بھی وقت ممبران اسمبلی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔وفاقی حکومت عوام کے مسائل کو دیکھتے ہی بڑے فیصلے کر رہی ہے،شہباز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں،مریم نواز کے سنیئر نائب صدر بننے سے پارٹی مزید متحرک ہو گی،پارٹی کے اندر تحفظات ہوتے ہیں لیکن گروپنگ نہیں،نواز شریف جلد پاکستان واپس آئیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے اعتماد کے ووٹ پر پی ٹی آئی کے پارٹی ذرائع کی جانب سے تین ارکان کی مخالفت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق 3 ارکان فی الحال اعتماد کے ووٹ میں نہیں آئیں گے۔ان تین ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا امکان ہے،اس وقت پی ٹی آئی اور ق لیگ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 11 جنوری سے پہلے اعتماد کے ووٹ کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے،اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان،میاں اسلم اقبال،سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور محمود الرشید کو اس حوالے سے ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 11 جنوری سے پہلے ہر صورت اعتماد کا ووٹ لیا جائے اور پارٹی رہنما ارکان اسمبلی سے رابطوں کا عمل جلد مکمل کریں۔اعتماد کے ووٹ کے بعد پارٹی فیصلوں کے مطابق آئندہ اقدامات ہوں گے،عمران خان کا کہنا تھا 9 جنوری تک ارکان سے رابطوں کا عمل مکمل کیا جائے۔