زرعی ترقی فوڈ سکیورٹی کی ضامن، کسان پیکیج پرعملدرآمد تیزکیا جائے: وزیراعظم

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ زرعی ترقی فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے ، کسان پیکیج پرعملدرآمد تیز کیا جائے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے حکومت کے دیئے گئے تاریخی کسان پیکیج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کسان پیکیج پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، زرعی شعبے کی ترقی پاکستان میں فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے، ملک میں غذائی تحفظ کے لیے گندم، کپاس، کنولہ اور زیتون کی کاشت اور پیداوار پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسانوں کو دالوں سمیت دیگر غذائی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بہتر بیجوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسان پیکیج پر عمل درآمد کے لیے نوجوانوں کے لیے قرضہ سکیم، چھوٹے کسانوں کے لیے سود پر چھوٹ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضے فراہم کرنے کے سلسلے میں سٹیٹ بینک نوٹیفیکیشن کے ذریعے بینکوں کو ہدایات جاری کر چکا ہے۔ رواں مالی سال میں نومبر تک 664 ارب کے زرعی قرضے کسانوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کےمقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہیں۔

اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق چودھری طارق بشیر چیمہ، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان،وزیر صنعت سید مرتضی محمود، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔