ملک میں سیمنٹ کی فروخت اوربرآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں ماہ دسمبرکے دوران کمی کا امکان ہے تاہم سیلاب کے بعد تعمیرنو اوربحالی کی سرگرمیوں کی وجہ سے آمدہ مہینوں میں سیمنٹ کی فروخت اوربرآمدات میں نمایاں اضافہ کی توقع ظاہرکی جارہی ہے۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اورٹاپ لائن سیکورٹیز کے مطابق ماہ دسمبرمیں ملک میں سیمنٹ کی کھپت 3.58 ملین ٹن رہنے کاامکان ہے جو گزشتہ سال دسمبرکے مقابلہ میں 22 فیصدکم ہے، گزشتہ سال دسمبرمیں ملک میں 4.60 ملین ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈکی گئی تھی۔
نومبرکے مقابلہ میں دسمبرمیں سیمنٹ کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر11 فیصدکی کمی کااندازہ ہےاسی طرح دسمبر میں 0.14 ملین ٹن سیمنٹ کی برآمدات کااندازہ لگایا جارہاہے جو گزشتہ سال دسمبرمیں 0.54 ملین ٹن تھی۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ملک میں 21.46 ملین ٹن سیمنٹ کی فروخت ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 22 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 27.46 ملین ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈکی گئی تھی۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبرمیں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1030 روپے فی بوری ریکارڈکی گئی جونومبرمیں بھی تقریبا یکساں تھی تاہم ملک کے جنوبی علاقوں میں دسمبرمیں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت میں دسمبرکے دوران نومبرکے مقابلہ میں تقریباً10 روپے کااضافہ ہواہے۔ماہرین کے مالی سال کے باقی6مہینوں میں سیلاب کے بعدمتاثرہ علاقوں میں تعمیرنو اوربحالی کی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آنے کے امکانات موجودہیں جس کی وجہ سے سیمنٹ کی پیداوار، فروخت اوربرآمدات میں نمایاں اضافہ ہوسکتاہے۔