ابرار احمد ڈیبیو پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی سپنر بن گئے

نوجوان سپنر نے ملتان ٹیسٹ میں اب تک 9 وکٹیں حاصل کی ہیں، عبدالرحمن نے ڈیبیو پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے نوجوان سپنر ابرار احمد نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ ابرار احمد نے ملتان ٹیسٹ سے ڈیبیو کیا ہے اور وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی سپنر بن گئے ہیں۔ نوجوان اسپنر نے ملتان ٹیسٹ میں اب تک 9 وکٹیں حاصل کی ہیں، اس سے قبل عبدالرحمن نے ڈیبیو پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد زاہد ڈیبیو پر سب سے زیادہ وکٹ لینےکا اعزاز رکھتے ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لی تھیں۔
پہلی اننگز میں ابرار احمد نے مجموعی طور پر 22 اوورز کرا کر 7 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل نذیر جونیئر نے 1969ء میں 99 رنز کے عوض 7 اور محمد زاہد نے 1996ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف اپنے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 66 رنز دیکر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ابرار احمد ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی سپنر بنے تھے، جس کے بعد چھٹی اور ساتویں وکٹ بھی لے کر انہوں نے اپنے ریکارڈ کو بہتر کیا تھا۔