یوم پاکستان پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا وزیراعظم پاکستان کے لیے خصوصی پیغام

دہلی (میڈیا رپورٹ) وزیراعظم آفس کے مطابق بھارتی صدر اور وزیراعظم نے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس نے بتایا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اور صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے خصوصی پیغام بھیجا ہے، جس میں یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو بھیجے گئے تہنیتی پیغام میں بھارتی وزیراعظم اورصدر نے 23 مارچ یوم پاکستان پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پیغام میں کہا گیا کہ امید ہے کہ برصغیر پاک و ہند کے عوام آپس میں مل کر ایک جمہوری، امن اور ترقی پسند خوشحال علاقے کی بنیاد رکھیں گے۔پیغام میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے عوام آپس میں ملک کر ایک ایسا ماحول تشکیل دیں گے، جو دہشت اور تشدد سے پاک ہو گا۔بھارتی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ کو بھارتی وزیراعظم کے خط سے آگاہ کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیغام میں کہا کہ ہم پاکستان سے قریبی تعلقات کے خواہشمند ہیں۔ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے بھارت پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔قریبی تعلقات کے لیے اعتماد کا ماحول اور دہشت کے بادلوں کا چھٹنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دشمنی کا خاتمہ ناگزیر ہے، جس کے بغیر دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتے۔ بھارتی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کی میز پر ایک دوسرے سے تعلقات بہتر کرنے کے لیے کاوش جاری رکھیں۔واضح رہے کہ یوم پاکستان اور یوم ہندوستان کی مناسبت سے دونوں ہمسایہ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم ایک دوسرے کو نیک خواہشات کے پیغامات بھیجتے ہیں۔ ان پیغامات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا عزم کرتے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے ہر برس وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے یوم پاکستان کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، اس حوالے سے بھارتی وزیراعظم اور نریندر مودی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو بھیجا گیا خصوصی تہنیتی پیغام بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں