ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ، تحریک انصاف کے مقامی رہنما کے قتل میں نامزد ملزم فرخ کھوکھرکی عبوری ضمانت میں21 نومبر تک توسیع

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نتاشہ نسیم سپرا نے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں تحریک انصاف کے مقامی رہنما کے قتل میں نامزد ملزم فرخ کھوکھرکی عبوری ضمانت میں21 نومبر تک توسیع کر دی۔ ضمانت میں توسیع مدعی کے وکیل کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث کی گئی ہے۔ منگل کے روز سماعت کے موقع پر فرخ امتیاز کھوکھر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے تاہم مدعی کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہو سکے۔

اس موقع پر مقتول کے حامیوں کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود تھی جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے ملزم کو جوڈیشل کمپلیکس کے عقبی دروازے سے باہر نکالا گیا۔ ملزم فرخ امتیاز کھوکھر نے سٹیٹ اور مقدمہ کے مدعی کو فریق بناتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی، عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ بوقت ضرورت پولیس کے بلانے پر شامل تفتیش ہو۔ واضح رہے کہ تھانہ صادق آباد پولیس نے مقتول کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اس مقدمہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے سکستھ روڈ پر تحریک انصاف کے مقامی رہنما ماجد ستی کو قتل کر دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں