سب سے کم عمر کوہ پیما، شہروز کاشف نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

اسلام آباد: (سپورٹس ویب ڈیسک) پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

29 سالہ شہروز جسے براڈ بوائے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے دو بلند ترین پہاڑوں 8849 میٹر اونچی ایورسٹ اور 8611 میٹر اونچی کے ٹو کو سر کیا، شہروز کو پہلی بار 2021 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہروز کاشف نے لکھا کہ الحمدللہ! مجھے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2023 میں شائع کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں ایورسٹ اور کے ٹو کو سر کرنے والا دنیا کا سب سے کم عمر ہونے کا میرا کارنامہ تسلیم کیا گیا ہے جس پر میں اپنے گھر والوں، چاہنے والوں اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ شہروز اس سال اگست میں دنیا کی 11 ویں بلند ترین چوٹی گاشربرم 1 کو سر کرنے کے بعد 8000 میٹر سے زیادہ کی 10 چوٹیوں کو سر کرنے والے دنیا کی سب سے کم عمر کوہ پیما بھی بن گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں