سی این جی سپلائی 5 ماہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو نومبر 2022 سے مارچ 2023 تک گیس نہیں ملے گی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سی این جی سپلائی 5 ماہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو 5 ماہ کیلئے گیس نہیں ملے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سی این جی سیکٹر کو بھی موسم سرما کے دوران گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رواں سال موسم سرما کے دوران ملک میں گیس کی شدید قلت کا امکان ہے، اس صورتحال میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے سی این جی سیکٹر کو نومبر 2022 سے مارچ 2023 تک آر ایل این جی سپلائی نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں جب گیس سستی تھی تو خریداری کا معاہدہ نہیں کیا گیا ، 2 اور4 ڈالر کی ایل این جی اس وقت لے سکتے تھے آج40 ڈالر میں بھی دستیاب نہیں ہے، حکومت نے دو اضافی کارگوز کا انتظام کرلیا ہے ، جنوری کیلئے پچھلے سال 9 کارگوز منگوائے گئے تھے ، رواں سال 10 کارگوز دستیاب ہونگے ، فروری کیلئے پچھلے سال 8 بحری جہاز منگوائے گئے تھے، رواں سال 9 بحری جہاز منگوائے جارہے ہیں، جنوری اور فروری 2023کیلئے ایک ایک اضافی کارگو کا انتظام کیا گیا ہے، پچھلے سال سردیو ں کی نسبت رواں سال سردیوں میں گیس کی صورتحال بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی سی ، پارکو اورپی ایس او کو کہا گیا ہے کہ جتنی گیس کی قلت ہے ایل پی جی منگوائیں ، ایس این جی پی ایل پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی کے سلنڈر فروخت کرے گی، ایس ایس جی سی 20 ہزار ٹن اضافی ایل پی جی منگوا رہی ہے ، سلنڈرز خریدے جارہے ہیں، گیس کی ترسیل کیلئے بائوزرز کا بھی انتظام کیا جارہا ہے، صارفین سے اپیل ہے کہ وہ بھی گیس کے استعمال میں کفایت شعاری اپنائیں، بوائلرز اور ہیٹرزکا کم سے کم استعمال کیا جائے، کم گیس خرچ والے چولہے اور گیزر استعمال کئے جائیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں خودکفالت کیلئے ایک بڑا پروگرام تیارکرنے کا حکم دیا ہے جس کا وہ جلد اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں