ٹک ٹاک بنانے کے شوقین 3 ملزمان نے ڈلیوری بوائے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا

ملزمان نے نوجوان کے سر کے بال مونڈھ دئیے، ملزمان ڈلیوری بوائے کو پیزا بھی کھلاتے رہے اور تھپڑ بھی مارتے رہے، پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا

سیالکوٹ (کرائم ڈیسک) ٹک ٹاک بنانے والے 3 ملزمان نے ڈلیوری بوائے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔یہ افسوسناک واقعہ سیالکوٹ میں پیش آیا جہاں پر ملزمان نے پیزا ڈلیوری کے لیے آنے والے لڑکے کے سر کے بال بھی مونڈھ دئیے۔ٹک ٹاک بنانے کے شوقین ملزمان کی جانب سے نوجوان پر شدید تشدد بھی کیا گیا اور اس کی ویڈیوز بھی بنائی گئیں۔
ملزمان ڈلیوری بوائے کو پیزا بھی کھلاتے رہے اور تھپڑ بھی مارتے رہے۔متاثرہ نوجوان ہاتھ جوڑ کر ملزمان سے معافی مانگتا رہا۔ملزمان نے نوجوان کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس کے بعد پولیس بھی حرکت میں آ گئی۔ڈی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او کے مطابق ڈلیوی بوائے پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کیا گیا ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ٹک ٹاک بنانے کے شوقین افراد اکثر مختلف جرائم میں ملوث پائے جاتے ہیں۔اس سے قبل ٹک ٹاک کا شوقین اہلکار خواتین کی ویڈیوز بناتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ لاہور میں خواتین کی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک ایپ پر اپلوڈ کرنے والے اہلکار کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔عمران نامی ٹریفک پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی لڑکیوں کی ویڈیوز بنا بنا کر اپنے ٹک ٹاک اکاونٹ پر شئیر کر تاتھا ۔
سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ مذکورہ اہلکار کی حرکات دیکھ کر ادارے کو نوٹس لینا چاہیے۔پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی او لاہور نے ٹریفک اسسٹنٹ کو سڑک سے گزرتی خواتین کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر لگانے پر فوری معطل کر کے انکوائری کا آغاز کردیا،بعدازاں اسے نوکری سے بھی برخاست کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں