لگتا ہے موجودہ حکومت عالمی منڈی کی بجائے گوالمنڈی سے تیل لے رہی ہے

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلف دیا جا سکتا تھا لیکن حکومت نے ڈیلر مارجن بڑھا کر مزید بوجھ عوام پر ڈال دیا جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریحام خان کا ٹویٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور معروف صحافی ریحام خان نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ریحام خان نے کہا کہ جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلف دیا جا سکتا تھا تو حکومت نے ڈیلر مارجن بڑھا کر مزید بوجھ عوام پر ڈال دیا جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور کہا یہ جا رہا کہ یہ قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق ہیں۔
لگتا ہے موجودہ حکومت عالمی منڈی کی بجائے گوالمنڈی سے تیل لے رہی ہے۔

گزشتہ رات حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 72 پیسیہ ضافہ کردیا تھا جس کے بعد نئی قیمت 233 روپے 91 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی ،ہائی اسپیڈ ڈیزل 51 پیسے سستا ہونے کے بعد 244 روپے 44 پیسے کا ہوگیا تھا۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور ایکسچینج ریٹ میں ہونے والی ردوبدل کی روشنی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تبدیلی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عالمی منڈی میں تیل کی کم ہوتی قیمتوں اور ملک میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے دعوے کے باوجود قیمتیں بڑھانے پر حکومت پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔نواز شریف نے پٹرول کی قیمت میں اضافے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں