شہبازگل پر تشدد کس قانون کے تحت اور کس کے حکم پر کیا جا رہا ہے؟‘امپورٹڈ حکومت کو بچانے کے لیے آئین اور قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں.عمران خان

شہباز کے جسم پر تشدد کے نشان ظلم کی اس داستان کی گواہی ہیںریمانڈ مسترد ہونے کے بعد شہباز کو جیل نہیں بھیجا جا رہا بلکہ ابھی تک منشی خانے میں رکھا ہواہے.فواد چوہدری

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے ترجمان شہبازگل پر ہوئے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہبازگل پر تشدد کس قانون کے تحت اور کس کے حکم پر کیا جا رہا ہے؟ . عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا تو اس کی منصفانہ سماعت کی جائے، امپورٹڈ حکومت کو بچانے کے لیے آئین اور قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں.
انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی گرفتاری بھی غیرقانونی ہے، ڈرائیور کی اہلیہ کو اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ اس کا شوہر شہباز گل کے لیے کام کرتا تھا.

عمران خان نے کہا کہ عوام کو ڈاکوں کے سامنے جھکانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا جا رہا ہے. دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں شہباز گل پر ہونیوالے تشدد کی مذمت کر سکوں فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ شہباز کے جسم پر تشدد کے نشان ظلم کی اس داستان کی گواہی ہیں، اب جب ریمانڈ مسترد ہو گیا ہے شہباز کو جیل نہیں بھیجا جا رہا بلکہ ابھی تک منشی خانے میں ہے انہوں نے کہا کہ اب نئی سازش سوچی جا رہی ہے.

قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے30ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی ہے یاد رہے گزشتہ روز شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو اسلام آباد پولیس نے حراست میں لے لیا تھا، انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیا لیکن ان کی ضمانت نہ ہوئی، خاتون اور ان کی دس ماہ کی بچی کو رات جیل میں گزارنی پڑی.
تحریک انصاف کی راہنما کنول شوزب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے خاتوں کی ضمانت ہو چکی ہے، کل ہمیں اس سے ملنے بھی نہیں دیا گیا، گیارہ ماہ کی بچی کی ماں کا کوئی جرم نہیں تھا، یہ پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں، شہباز گل کی بہت دیر تک سماعت ہوئی، چیئر مین عمران خان کو قابو کرنے کیلئے دباﺅ بڑھایا جا رہا ہے، اس ملک کی سالمیت کو داو پر مت لگائیں، پوری قوم کو اس قسم کے معاملات میں الجھا کر مہنگائی سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، حکومت کی کارکردگی پر ہماری پوری توجہ ہے، پوری دنیا میں پاکستانی پریشان ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں