پاکستانی روپے کی گراوٹ کا سلسلہ نہ رکا، امریکی ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (نیوز ڈیسک) پاکستانی روپے کی بدترین گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔

ڈالر نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، انٹربینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، آج پھر 13 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈالر 239 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت آنے کے بعد انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 54 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔

7 اپریل (جب اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار سے سبکدوش کیا گیا تھا) اور 22 جولائی کے درمیانی عرصے میں ملک کے تجارتی خسارے، بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کے باعث روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 21.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

22 جون کو 211 روپے 93 پیسے کی قیمت تک پہنچنے کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا تھا اور اس کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں 204 روپے 56 پیسے تک آگئی تھی۔

جب 15 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پاکستان کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ دیکھا گیا لیکن اس کے بعد حالیہ دنوں میں اس کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں