بابراعظم کا انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل 9 بار ففٹی پلس رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مسلسل 9 بار ففٹی پلس رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، بابر اعظم سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کے پاس تھا۔ بابر اعظم کی پرفارمنس کا سلسلہ مارچ 2020 ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے شروع ہوا جس میں انہوں نے کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں194 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 66 اور 55 رنز بنائے۔
اس کے بعد بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں54، 114اور 105 رنز بنائے جبکہ ٹی ٹونٹی میچ میں 66 رنز کی اننگز کھیلی اور یہ سلسلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز تک جاری رہا جس میں پہلے ون ڈے میچ بابراعظم نے شاندار سنچری سکور کرکے مسلسل تین سنچریوں کا ریکارڈ دوسری بار اپنے نام کیا جبکہ دوسرے ون ڈے میں 77 رنز بنا سکے۔

اس سیریز میں بابر اعظم سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کا مسلسل چار سنچریوں کا ریکارڈ برابر کرتے کرتے رہ گئے۔

دو مختلف مواقعوں پر مسلسل 3 سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابراعظم کے پاس ہے۔ بابر اعظم نے ابھی تک صرف 88 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 17 سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے 11ویں بیٹر بھی ہیں۔ اس سے قبل بابراعظم بحیثیت کپتان ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ویراٹ کوہلی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں