پاکستان سے زبردستی انخلا: افغان موسیقاروں اور خواجہ سراؤں کی درخواست پر سماعت

پشاور: (نیوز ڈیسک ) ہائیکورٹ پشاور میں افغان موسیقاروں اور خواجہ سراؤں کے پاکستان سے زبردستی انخلا کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی، درخواست گزاروں کے وکیل ممتاز احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ افغان موسیقاروں اور خواجہ سراؤں نے پاکستان میں رہائش کے لئے یہ درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں بھی ایسا ہی ایک کیس زیرسماعت ہے، جس پر کیل درخواست گزار نے کہا کہ ایچ آر سی پی نے وہاں پر درخواست دائر کی ہے۔

جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ آپ یہ درخواست واپس لیں اور سپریم کورٹ میں فریق بن جائیں، دونوں جگہ پر آپ کیوں کیس چلانا چاہتے ہیں؟۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں دائر درخواست کی کاپی لیتے ہیں، اس کے ساتھ ضمنی درخواست دائر کرتے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ دیکھتے ہیں سپریم کورٹ میں دائر درخواست اور ہماری درخواست میں مماثلت ہے کہ نہیں ہے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔