یوکرینی صدر کی گریمی ایوارڈز میں شرکت نے سب کو حیران کر دیا

یوکرینی صدر نے گریمی ایوارڈز کی تقریب مں شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کو 64 ویں سالانہ گریمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی جو دیکھ کر سب ہی حیران رہ گئے۔
دراصل گریمی ایوارڈز کی لاس ویگاس میں منعقد کی گئی تقریب کے دوران بڑی اسکرین پر صدر ولادیمیر زیلنسکی کا ریکارڈ کیا ہوا ایک ویڈیو پیغام نشر کیا گیا تھا۔
یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع میں دنیا بھر کے یوکرین دوست ممالک سے یوکرین کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں یوکرین میں جاری جنگ کے موجودہ حالات کو بیان کیا اور اس جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی خاموشی کو موسیقی کے ذریعےختم کرنے کے لیے تقریب میں موجود فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
یوکرینی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ’جنگ ہمیں یہ انتخاب نہیں کرنے دیتی کہ کون زندہ رہے گا اور کون ہلاک ہوجائے گا‘۔
اُنہوں نےکہا کہ ’ہمارے موسیقار اپنے روایتی انداز میں نظر آنے کے بجائے حفاظتی لباس پہنتے ہیں اور وہ اسپتالوں میں زخمیوں کے لیے گاتے ہیں، یہاں تک کہ ان لوگوں کے لیےبھی گاتے ہیں جو انہیں سن بھی نہیں سکتے‘۔
صدر زیلنسکی نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ’ہم اپنی آزادی کا دفاع کررہے ہیں، زندہ رہنے کے لیے اپنی سرزمین پر ہم روس سے لڑ رہے ہیں جس کی بمباری سےیہاں ایک خوفناک خاموشی طاری ہوگئی ہے‘۔
اُنہوں نے گریمی ایوارڈز کی تقریب سے اپیل کی کہ’اس خوفناک خاموشی کو اپنی موسیقی سے بھردیں!‘
یوکرینی صدر نے کہا کہ’ہماری کہانی سنانے کے لیے آج ہی اپنے سوشل نیٹ ورکس اور ٹی وی پر اس جنگ کے بارے میں سچ بتائیں، آپ جس طرح سے بھی دے سکتے ہیں ہمارا ساتھ دیں لیکن خاموش نہ رہیں‘۔
واضح رہے کہ یوکرین کے صدر کی تقریر کے بعد گلوکار جان لیجنڈ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری اس تنازعہ کے دوران یوکرین کی عوام کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
یوکرینی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اسٹیج پر گلوکار جان لیجنڈ کا ساتھ یوکرینی موسیقاروں سیزانا ایگلیڈان، میکا نیوٹن اور شاعر لیوبا نے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں