عروج آفتاب گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں

عروج آفتاب نے گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ ہونے کا اعزازحاصل کرلیا۔

بروکلین میں مقیم عروج آفتاب نے اپنے گانے ‘محبت’ کے لیے اتوارکو بہترین گلوبل پرفارمنس کیٹیگری میں ٹرافی جیتی۔
انسٹاگرام پراپنے فالوورزکو یہ خوشخبری سنانے والی عروج نے ایوارڈ کے ساتھ تصویرشیئرکرتے ہوئے لکھا، ‘ پہلی پاکستانی خاتون گریمی فاتح ہیں عروج آفتاب ‘۔

عروج کو گریمی ایوارڈزکے لیے بہترین نیو آرٹسٹ اوربہترین گلوبل پرفارمنس کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا تھا۔
گلوکارہ کو گریمی دلوانے والی ‘محبت ‘ کو سابق امریکی صدر باراک اوباما نے اپنا پسندیدہ قراردیا تھااور یہ ان کی سمرپلے لسٹ 2021 میں بھی شامل تھی، 1920 کی دہائی میں حفیظ ہوشیارپوری کی لکھی گئی یہ اردو کلاسیکل نظم عروج کی تیسری البم ‘ولچرپرنس’کا حصہ ہے۔
پندرہ سال سے نیویارک میں مقیم 37 سالہ عروج کلاسیکی موسیقی کو لوک اور جیز سے ہم آہنگ کرتی ہیں اوراپنے کام کی بدولت مسلسل عالمی توجہ حاصل کررہی ہیں۔
عروج کے والدین کا تعلق دعودی عرب سے ہے اور خود ان کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی، گلوکارہ میوزیکل پروڈکشن اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بوسٹن کے مشہور برکلے اسکول آف میوزک گئیں اور اب امریکا میں ہی مقیم ہیں۔
دو بار گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والی عروج آفتاب کی تصویر ٹائمز اسکوائر بل بورڈ پر آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی کی مہم ‘ایکوئل پاکستان’ کے لیے بطورایمبیسیڈر بھی آویزاں کی جاچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں