دبئی ایکسپو2020کا آج اخری دن، لاکھوں زائرین کی نمائش گاہ میں آمد

اختتامی تقریب میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کی فرسان الامارات ایروبیٹک ٹیم اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی

دبئی(کامرس ڈیسک) دبئی ایکسپو2020 کے اختتامی ایام میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین روزانہ نمائش گاہ میں آرہے ہیں اورگذشتہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دس لاکھ سے زیادہ افراد کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ گذشتہ چھ ماہ سے جاری عالمی نمائش کااختتام قریب آنے پر آیندہ دوروز میں مزید شائقین آئیں گے اوروہ آتش بازی کے مظاہرے، ایئرشوز اورعالمی فنکاروں کے ساتھ ایک ناقابل فراموش اختتامی تقریب میں شامل ہوں گے۔
گذشتہ ہفتے کے دوران میں لوگوں کی ایک غیرمعمولی تعداد دبئی ایکسپو دیکھنے کے لیے آئی ہے۔اس کے پورے چھے ماہ کے دوران میں یہ اختتام ہفتہ مصروف ترین رہا ہے اور اس کے زائرین کی کل تعداد 22,937,830 تک پہنچ گئی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ خطے میں اس پہلی عالمی نمائش کو دیکھنے کے لیے دوکروڑ انتیس لاکھ سے ڈھائی کروڑ تک افرادآئے ہیں یا آرہے ہیں۔یہ تعداد اس کی رجسٹریشن دستاویز میں طے شدہ ہدف کے مطابق ہے۔

اس کی 2015 میں بیوروانٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز(بی آئی ای)کے رکن ممالک نے باضابطہ طورپر توثیق کی تھی اورکووِڈ19 کی عالمی وبا کے تناظر میں یہ ایک شاندارکامیابی ہے۔جمعرات کودبئی ایکسپو کاآخری دن ہوگا۔ اختتامی تقریب میں متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کی فرسان الامارات ایروبیٹک ٹیم اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی اور نمائش کے ناقابل فراموش اختتامی لمحات کو چارچاند لگائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں