روس کی مدد کرنے کی صورت میں خمیازہ بھگتنا ہوگا، امریکا کی چین کو دھمکی

امریکا نے چین کو دھمکی دی ہے کہ اگر اُس نے یوکرین پر جاری حملے میں روس کی عسکری یا مالی مدد کی تو اِس صورت میں چین کو اِس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ سے دو گھنٹے طویل وڈیو کانفرنس پر بات چیت کی جس میں اُنہوں نے صدر شی جن پنگ کو روس کی کسی بھی قسم کی مدد کے نتائج سے خبردار کیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی نے اِس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چین کو اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اِس معاملے میں کس کے ساتھ ہے۔
تاہم ترجمان جین ساکی نے یہ بتانے سے مکمل طور پر گریز کیا کہ روس کی مدد کرنے کی صورت میں چین کو کن نتائج کا سامنا ہو سکتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق چین کے میڈیا نے صدر شی جن پنگ کے حوالے سے ایک بیان نشر کیا ہے جس کے مطابق چینی صدر نے یوکرین میں صورت حال کا ذمہ دار روس کو ٹھہرائے بغیر کہا ہے کہ اس تنازع کے حل کے لیے نیٹو کو روس سے مذاکرات کرنے چاہیئیں اور روس کے سلامتی کے حوالے سے خدشات دور کرنے چاہیئیں۔
واضح رہے کہ چین نے ابھی تک یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت نہیں کی ہے اور امریکا کو خدشہ ہے کہ وہ روس کی فوجی اور مالی مدد کر سکتا ہے تاہم روس اور چین دونوں ہی اس کی تردید کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں