کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے استعفیٰ دے دیا

بھارت کے ریاستی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔پنجاب کانگریس پارٹی کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے اپنا استعفیٰ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو سونپ دیا ہے۔
بھارت کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے کل ان ریاستوں کے کانگریس پارٹی سربراہوں سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔
جس کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے سونیا گاندھی کو دئیے گئے استعفے کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کانگریس صدر کی خواہش کے مطابق اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔

پنجاب اسمبلی انتخابات 2022 میں ’عآپ‘ نے کانگریس کو شکست دی ہے۔ پنجاب کی 117 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس صرف 18 سیٹیں جیت سکی۔
پنجاب اسمبلی انتخابات سے عین قبل پارٹی نے نوجوت سنگھ سدھو پر اعتماد کیا اور انہیں کانگریس کی پنجاب یونٹ کا سربراہ بنا دیا۔ لیکن سدھو اپنی ذمہ داری کو ٹھیک طریقے سے سے ادا نہیں کر سکے۔
پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں کراری شکست کے بعد کانگریس ہائی کمان نے بڑی تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ایسے میں سب سے پہلے پارٹی نے ان ریاستوں کے پارٹی سربراہوں سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کل ٹویٹ کیا کہ ریاستی کانگریس اکائیوں کی ’’تنظیم نو‘‘ کے لیے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔
ترجمان نے لکھا کہ ’’کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی نے اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور کے پی سی سی صدور سے کہا ہے کہ وہ پی سی سی کی تشکیل نو میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے استعفیٰ پیش کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں