متنازعہ فلم” کشمیر فائلز” کی نمائش کے موقع پر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے

ممبئی(شوبز ڈیسک) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک شخص کوحال ہی میں ریلیز ہونے والی متنازعہ فلم ”کشمیر فائلز ”کی نمائش کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگاتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق متنازعہ فلم کشمیر فائلز بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے خلاف تشدد کی من گھڑت کہانی پر مبنی ہے۔

سکالروں اور ہندوتوا نظریہ کے ناقدین نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اس فلم سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔اس متنازعہ فلم کی ہندو قوم پرست گروپوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر حمایت کی گئی ہے۔ وویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 11مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ ویڈیو میں فلم کی نمائش کے موقع پر ایک شخص کو لوگوں کو شاہ رخ خان ، عامر خان اور سلمان خان جیسے مشہورمسلم اداکاروں کی فلمیں نہ دیکھنے کی تلقین کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔مذکورہ شخص نے تعلیم یافتہ اور مہذب لوگوں پربھارتی ثقافت کو تباہ کرنے کا الزام بھی لگایا۔اس نے کہا کہ فلم میں پیش کئے جانیوالے تنازعات ایک دن حقیقی زندگی میں بھی انہیں پیش آئیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں