ترین گروپ کا وزیراعظم سے ملاقات کرنیوالے وزراء سے اعلان لاتعلقی

لاہور:(نیوز ڈیسک) ترین گروپ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے صوبائی وزراء سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان ترین گروپ سعید اکبر نوانی کے مطابق دو روز قبل آصف نکئی اور اختر ملک نے وزیراعظم سے ملاقات کی لیکن وہ کبھی بھی گروپ کا حصہ نہیں رہے، عمران خان سے ملنے والے دیگر وزرا صمصام بخاری اور ہاشم ڈوگر بھی کبھی بھی ترین گروپ کے ممبر نہیں تھے۔

سعید اکبر نوانی کا مزید کہنا تھا کہ ترین گروپ نے وزیراعظم سے نہ ملنے کا فیصلہ جہانگیر ترین کی ہدایت کے بعد کیا۔

علیم خان کی ترین گروپ کے فیصلے سے علیحدگی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان نے ترین گروپ کے گزشتہ روز کے فیصلے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی رکن کو وزیراعظم کے اجلاس میں شرکت سے نہیں روکا۔

وزیراعظم عمران خان کے اجلاس میں شرکت یا پھر عدم شرکت کے معاملے پر ترین گروپ تقسیم ہوگیا اور علیم خان دھڑے نے ترین گروپ کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

علیم خان کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں شرکت کرنیوالے علیم خان سے اجازت لے کر جا رہے ہیں، باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، اگلالائحہ عمل عبدالعلیم خان کی مشاورت سے کریں گے۔

میاں خالد محمود نے مزید کہا کہ علیم خان ترین گروپ کا پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے اختلاف ہے، ہمارے اراکین پنجاب اسمبلی اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے، جب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوتا تب تک مشاورت جاری رکھیں گے، عبدالعلیم خان اپنے ساتھیوں کے ساتھ نشست کریں گے تو حتمی فیصلہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں