پنجاب میں کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی

ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آوٹ ڈائننگ کی ویکسینیٹڈ افراد کو اجازت ہو گی

لاہور (نیوز ڈیسک) : محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں کورونا کی پابندیوں میں نرمی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کر دی، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز کرونا ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ریستوران میں ویکسی نیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمان شرکت کر سکیں گے، آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد پر پابندی نہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق مزارات میں بھی صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت ہوگی، جم کھلے رہیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ دفاتر 100 فیصد ویکسی نیشن پر مکمل عملے کے ساتھ کھل سکتے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے فراہم کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔

تمام تعلیمی اداروں کو کھلنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ 12 سال سے زائد عمر کا ویکسینیڈڈ ہونا ضروری ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں شرح 2.51 ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید961کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 2 ہزار 641 ہو گئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں38 ہزار 139کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 2.51 فیصد پر پہنچ گئی۔ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار895، خیبر پختونخوا میں 2 لاکھ 15ہزار87، پنجاب میں 4 لاکھ 99 ہزار 365، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار936، بلوچستان میں 35 ہزار 284، آزاد کشمیر میں 42 ہزار 684اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار 390 ہو گئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 461 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں8 ہزار30، خیبر پختونخوا 6 ہزار 210، اسلام آباد ایک ہزار5، گلگت بلتستان 189، بلوچستان میں 374 اور آزاد کشمیر میں 784 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں