جائیداد کی خاطر سگے بھائی کا خون سفید ہو گیا، اپنے ہی خاندان والوں پر گولیاں چلا دیں

سکھر میں بڑے بھائی کی جانب سے چھوٹے کیساتھ پیدا ہونے والے تنازعے پر کی گئی فائرنگ اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں پورا خاندان اجڑ گیا، قاتل کے اپنے بیٹے سمیت متعدد افراد جاں بحق

سکھر (کرائم ڈیسک) جائیداد کی خاطر سگے بھائی کا خون سفید ہو گیا، اپنے ہی خاندان والوں پر گولیاں چلا دیں، متعدد افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جائیداد کے تنازعے پر سندھ کے ضلع سکھر میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جائیداد کے معاملے پر برسوں سے جاری تنازعے نے پیر کے روز اس وقت خوفناک شکل اختیار کر لی جب بڑے بھائی نے بات چیت کیلئے آنے والے چھوٹی بھائی اور خاندان کے دیگر لوگوں پر گولیاں چلا دیں۔
اس موقع پرجوابی فائرنگ بھی کی گئی۔ دونوں اطراف سے کی گئی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں فائرنگ کا آغاز کرنے والے شخص کے بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 سگے بھائی اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ ایک خاتون ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی۔

واضح رہے کہ سندھ میں چند روز کے دوران جائیداد اور زمین کے تنازعے پر قتل و غارت کے مختلف واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ سکھر کے اس تازہ ترین واقعے سے قبل نواب شاہ میں بھی افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار سمیت کئی افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ نواب شاہ میں بھنڈ برادری کے 5بے گناہ افراد کے قتل کے خلاف جیکب آباد میں مختلف تنظیموں جے یو آئی، ایس ٹی پی، ایس یو پی، کیو اے ٹی ، تحرک انصاف، عوامی تحریک، نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، شہری اتحاد، ہیومن رائٹس، اے پی سی کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں سینکڑوں شہری شریک تھے۔
مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے سخت نعریبازی کی اور بعد میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے نواب ولی محمد میں بھنڈ برادری کے 5 بے گناہ افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا لیکن ان کا مقدمہ درج نہیں کیا جارہا کیوں کہ اس واقع میں سندھ حکومت کے لوگ ملوث ہیں، متاثرین اپنی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کررہے ہیں لیکن کوئی ان کی فریاد سننے کو تیار نہیں، سندھ کی عوام ایسی ناانصافی ،ناجائزی کے خلاف میدان میں نکلی ہے اور قاتلوں کو سزا دلانے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اس واقع کا ازخود نوٹس لیکر سندھ پولیس کو ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں