فرانس نے 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے کوویڈ ویکسین ایسٹرا زینکا کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب 65 سے 74 سال کے وہ افراد بھی یہ ویکسین لگوا سکتے ہیں جنہیں پہلے سے ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض لاحق ہیں۔ 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو اب بھی فائزر یا موڈرنا کی ویکسین ہی لگائی جائے گی۔
فرانس نے پچھلے مہینے صرف 65 سال سے کم عمر لوگوں کے لیے اس ویکیسن کی منظوری دی تھی اور کہا تھا کہ ایسٹرا زنکا کے عمر رسیدہ افراد پر اثرات کے بارے میں ڈیٹا موجود نہیں ہے۔
یورپی یونین ضابطہ کار نے ایسٹرا زنکا کو تمام بالغوں کے لیے منظور کیا ہے تاہم ہر رکن ملک کو اسے اپنے حساب سے استعمال کرنے کا اختیار ہے۔
برطانیہ میں اسے وسیع پیمانے میں استعمال کیا جا رہا ہے لیکن جرمنی سمیت کئی یورپی مماک نے ابھی بھی اس ویکسین کو 65 سال سے کم عمر افراد تک محدود کر رکھا ہے۔
اُدھر کینیڈا کے متعلقہ حکام نے دو روز قبل ہی مشورہ دیا کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ڈیتا کی کمی کے باعث ایسٹرا زنکا ویکسین نہیں لگوانی چاہیے۔