اداروں سے لوگوں کا بھروسہ نہ اٹھوائیں، کسی ادارے کا دباؤ نہیں لیا

کسی ادارے کی بات سنی نہ دباؤ میں آیا، مجھے کوئی نہیں بتاتا فیصلے کیسے لکھوں،کسی کی جرات نہیں مجھے کوئی فیصلہ لکھنے کو کہے،لوگوں میں غلط باتیں نہ پھیلائیں ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب

لاہور (نیوز ڈیسک) چیف جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں پر لوگوں کا بھروسہ نہ اٹھوائیں، ہمیں روکنے کی آج تک کسی کی ہمت نہیں ہوئی، ہر فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں دو روزہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس شروع ہو گئی ہے ۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے سینئر قانون دان ، سیاستدان ،صحافی اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی ۔
کانفرنس کا افتتاح چیف جسٹس پاکستان گلزار حمد نے کیا ۔ افتتاحی سیشن سے چیف جسٹس لاہو رہائی کورٹ امیر بھٹی ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے خطاب کیا۔چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ عدالتیں اداروں کے دباؤ میں کام کر رہی ہیں۔

نہ کسی نے ڈکٹیٹ کیا نہ ہی ڈکٹیشن لی۔ہم ایک حلف کے پابند ہیں، فیصلے انصاف اور ضمیر کے مطابق کیے۔

عدالت جو فیصلہ کرنا چاہتی ہے کرتی ہے کسی کی مرضی سے نہیں کرتی۔قانون کے مطابق فیصلے کرنا میرے اور دیگر ججز کا کام ہے۔پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہے انسانوں کی نہیں۔چیف جسٹس گلزار احمد نبے مزید کہا کہ کہ کسی بھی غیر جمہوری سیٹ اب کو قبول نہیں کریں گے، چھوڑ دیں گے۔ بتا دیں آج تک کس کے کہنے پر فیصلہ کیا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اداروں سے لوگوں کو بھروسہ ختم نہ کریں ، یہ ٹھیک نہیں۔
ملک پاکستان قائم ہے اور قائم و دائم رہے گا۔ میں اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کرتا ہوں۔ یہی کردار میرے باقی ججز کا ہے۔ کسی ادارے کی بات سنی نہ باتوں میں آیا۔ ہم ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے۔ یہ کہنا غلط ہے کہ عدالت آزاد نہیں، دباؤ میں کام کر رہے ہیں، لوگوں میں غلط باتیں نہ پھیلائیں۔ سپریم کورٹ کے تمام ججز محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
کسی نے میرے کام میں مداخلت نہیں کی، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے دئے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ فیصلوں کو صحیح اور غلط کہتے ہیں۔یہ سب کی اپنی رائے ہے،ہر ایک کو اپنی رائے کا اختیار ہے۔واضح رہے کہ کانفرنس میں دنیا بھر سے 120ماہرین افغانستان کی صورتحال اور اس کے اثرات ،خواتین کے خلاف تشدد ، مذہبی آزادی ، پاکستان میں جمہوریت کو برقرار رکھنے میںدرپیش مشکلات و دیگر موضوعات پر خطاب کریں گے ۔
کانفرنس سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ، صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون ،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل خوشدل خان ، سابق صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی ،پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ، ہالینڈ کے سفیر کینیڈا کے ہائی کمشنر ،ایمنسٹی انٹرنیشنل ،یواین ڈی پی و دیگر اداروں کے نمائندے اور اہم شخصیات خطاب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں