کسانوں کا احتجاج فوری طور پر ختم نہیں ہوگا، بھارتیہ کسان یونین

نئی دلی(انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتیہ کسان یونین نے کہا ہے کہ کسانوں کا احتجاج فوری طور پر ختم نہیں ہو گا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کسان اس دن کا انتظار کریں گے جب پارلیمنٹ میں زرعی قوانین کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے دیگر مسائل پر بھی بات کرے۔

انہوں نے لکھا کہ کسانوں کی تحریک اس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک مرکزی حکومت متنازعہ قوانین کوپارلیمنٹ میں واپس نہیں لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے خلاف درج مقدمات واپس لینے ، تحریک کے دوران جانیں گنوانے والے کسانوں کے اہلخانہ کو نوکری اور مناسب معاوضہ جیسے مسائل بھی ہیں جن پر متحدہ کسان مورچہ کی حکومت کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ان تمام مسائل کو حل کیے بغیر احتجاج ختم کرنے اور کسانوں کے گھروں کو واپس جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں