کینیڈا کے ساحلی شہر وینکوور میں قیامت خیز طوفان، مواصلاتی رابطے منقطع

کینیڈا(انٹرنیشنل ڈیسک) صوبے برٹش کولمبیا کے ساحلی شہر وینکوور میں قیامت خیز طوفان نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کردیے۔ حکام کے مطابق صدی میں ایک بار آنے والے شدید طوفان نے وینکوور شہر کے اطراف سڑکوں اور ریل رابطوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
شدید سیلاب کے باعث دو موٹرویز بند کردی گئیں۔ خوفناک طوفان نے ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور کردیا۔
ہائی وے پر ہونے والی لینڈ سلائڈنگ سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو دیگر افراد لاپتا ہیں۔
منگل کو ہوئی برفباری کے بعد شہر میں گاڑیوں کو برفیلے سیلابی پانی میں تیرتے دیکھا جا سکتا تھا۔
وینکوور شہر کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی ٹرانس کینیڈا ہائی وے کا ایک حصہ پانی میں ڈوب گیا۔
کینیڈا کی سب سے بڑی بندرگاہ، پورٹ آف وینکوور پر سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کے باعث خوراک، ایندھن اور دوسری اشیا کی ترسیل معطل ہے۔
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) کے مطابق لینڈ سلائڈنگ میں پھنسی گاڑیوں کی تعداد کا اندازہ تاحال نہیں لگایا جا سکا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ہم ہر طرح سے، ہر صورت میں طوفان میں پھنسے لوگوں کی مدد کریں گے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ راب فلیمنگ نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ یہ صدی کا بد ترین طوفان تھا۔
اس سے قبل صوبے برٹش کولمبیا میں موسم گرما کے دوران آنے والی ریکارڈ شدت کی ہیٹ ویو نے 500 سے زائد افراد کی جان لی تھی جبکہ بے قابو آگ نے ایک قصبے کو مکمل طور پر تباہ کردیا تھا۔
علاوہ ازیں رواں ماہ کے آغاز میں صوبے برٹش کولمبیا میں 5 عشروں کے دوران پہلی بار ایک طوفانی بگولا (ٹارنیڈو) بھی دیکھا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں