’’سردی میں ہر سال بیماریوں کی طرح پی ڈی ایم بھی نکل آتی ہے‘‘

ویکسین لگےگی تو مارچ تک یہ بھی واپس چلے جائیں گے، وفاقی وزیر اسد عمر کا پی ڈی ایم پر طنز

کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر نے پی ڈی ایم اتحاد پر طنزکرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی میں ہر سال بیماریوں کی طرح پی ڈی ایم بھی نکل آتی ہے، ویکسین لگےگی تو مارچ تک یہ بھی واپس چلے جائیں گے۔پشاور میں میڈیا سےگفتگو میں اسد عمرکا کہنا تھا کہ روزگار پیدا کرنے والے شعبے حکومت کی ترجیح ہیں،2019 میں ہی 23 لاکھ نوکریوں کا اضافہ ہوچکا تھا، پاکستانی فری لانسرز دنیا کی پانچویں بڑی کمیونٹی ہے۔
اسد عمرکا کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات میں47 فیصد اضافہ ہوا ہے، آئی ٹی برآمدات رواں سال3 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، اس سال گندم، مکئی، چاول اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک بڑی آبادی کو کورونا ویکسین نہیں لگ جاتی کورونا دوبارہ بڑھ سکتا ہے، جتنی جلدی ویکسین لگائیں گے اتنی جلدی کورونا کا خطرہ ختم ہوگا۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سال بھی ہمیں برداشت کرنے کی عادت ڈال لیں، پی ڈی ایم والے اقتدار کیلئے بھاگ رہے ہیں ان کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا کو اب اقتدار سے الگ رہنے کی عادت ڈال لینی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی رہنما و گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے پی ڈی ایم پر تنقید کے نشتر برستاے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں دراڑیں پڑچکی ہیں، جس کا ثبوت کبھی پیپلز پارٹی کی ناراضگی ہے تو کبھی مولانا خود ناراض ہوجاتے ہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ڈی ایم کی صورتحال کھسیانی بلی کھمبا نوچے والی بات ہوگئی ہے، ان کو کوئی ٹیکہ لگتا ہے تو پھر آجاتے ہیں حالانکہ پی ڈی ایم والے اقتدار کےلیے بھاگ رہے ہیں ان کو عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ کیسز معاف کرکے انہیں اقتدار میں شامل کرلیا جائے لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ سال بھی ہمیں برداشت کرنے کی عادت ڈال لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں