ملکی خزانہ تیزی سے خالی ہونے لگا، چند ہی روز میں زرمبادلہ ذخائر میں بہت بڑی کمی

ملک کے مجموعی ذخائر میں 2 ہفتوں کے دوران تقریباً 1 ارب ڈالرز کی کمی، ذخائر 26 ارب 15 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آ گئے

کراچی (نیوز ڈیسک) ملکی خزانہ تیزی سے خالی ہونے لگا، چند ہی روز میں زرمبادلہ ذخائر میں بہت بڑی کمی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید اور واضح کمی آئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق 24 ستمبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے پر ملک کے مجموعی ذخائر مزید 25 کروڑ ڈالرز کم ہو گئے۔
یوں ملک کے مجموعی ذخائر میں 2 ہفتوں کے دوران تقریباً 1 ارب ڈالرز کی کمی ہوئی، ذخائر 26 ارب 15 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آ گئے۔ 10 ستمبر کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک کے مجموعی ذخائر 27 ارب 06 کروڑ ڈالرز تھے، یوں 14 روز کے دوران 91 کروڑ ڈالرز کے ذخائر کم ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے روپے کی قدر میں گراوٹ کو روکنے کیلئے مارکیٹ میں ڈالرز جھونکے گئے، اس کے علاوہ بیرونی ادائیگیاں بھی کی گئیں، اسی باعث زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی آئی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ ہفتے کے روز رک گیا۔ جمعہ کو انٹربینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ دونوں میں ڈالر سستا ہو گیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں18پیسے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 170.66روپے سے کم ہو کر170.48روپے ہوگئی۔ جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں30پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 172.40روپے سے گھٹ کر172.10روپے اور قیمت فروخت172.80روپے سے گھٹ کر172.50روپے پر آ گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں