پاکستان اور قطر افغانستان میں امن کے پارٹنر ہیں، شاہ محمود قریشی

پاکستان اور قطر افغانستان میں امن کے پارٹنر ہیں، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر افغانستان میں امن کے پارٹنر ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کی کوششوں میں شراکت دار ہے، قطر نے افغان صورتحال کے پُرامن حل میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن اور دیگر امور پر پاکستان اور قطر یکساں موقف رکھتے ہیں، پاکستان اور قطر افغانستان میں امن کے پارٹنر ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر کے وزیر خارجہ کو افغانستان سے متعلق اپنے حالیہ دوروں سے آگاہ کیا، قطر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، ہمیں افغانستان میں امن تباہ کرنے والے عناصر سے خبردار رہنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک کی حیثیت سے افغانستان کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گا، امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم پورے نہیں ہونے دیں گے۔

شاہ محمود نے بتایا کہ قطر کے وزیر خارجہ نے آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی، وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک افغان عوام کی بہبود کے لیے مل کر کام کریں گے، افغانستان میں استحکام کے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے افغانستان میں خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لیے کام کریں گے، افغانستان میں زندگیوں کو بچانا اس وقت سب سے اہم ہے، انسانی زندگیوں کے لیے بحرانی کیفیت سے مل کر لڑیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے منجمد اثاثے افغان عوام کے لیے فوری غیر منجمد کیے جانے چاہئیں، قطر اور پاکستان افغانستان کی تعمیر و ترقی کے لیے خود کو پارٹنرز سمجھتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ زمینی راستے کی سہولت بھی حاصل ہے، افغانستان میں امداد کی فراہمی میں عالمی برادری کو شرائط عائد نہیں کرنی چاہیے۔

اس موقع پر قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ پاکستان ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، پاکستان اور قطر کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان نے موجودہ صورتحال میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں، افغانستان میں امداد کسی بھی سیاسی عمل سے آزاد ہونی چاہیے۔

محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کا کہنا تھا کہ آج سے کابل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں بھی شروع ہوگئی ہیں، پاکستان کے ساتھ مل کر افغان باشندوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان صورتحال میں سب سے اہم کردار افغانستان کے پڑوسی ممالک کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں