مختلف علاقوں میں پھر شدید بارش

کراچی: مختلف علاقوں میں پھر شدید بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر شدید بارش شروع ہو گئی، ملیر، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، سعود آباد اور ملحقہ علاقوں، ایئر پورٹ اور دیگر علاقوں میں گہرے بادلوں نے آسمان کو اپنے گھیرے میں لے لیا جس کے ساتھ ہی ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے بعد سڑکیں زیرِ آب آگئیں اور نالے ابلنے لگے۔

ضلع وسطی میں بارش کے بعد نالے ابل پڑے، گجر نالے سے متصل سڑکیں زیرِ آب آگئیں، شاہراہِ اورنگزیب پر نالہ بھرنے سے پانی سڑک اور اطراف کی گلیوں میں داخل ہو گیا۔

شاہ جہاں ایونیو پر قائم نالہ بھر جانے سے پانی سڑک پر آ گیا، پیپلز چورنگی کے اطراف بھی نالے بھرنے سے پانی جمع ہو گیا۔

گلشنِ اقبال بلاک 13 ڈی میں سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، کے ایم سی کا عملہ پانی کی نکاسی کے لیے تاحال نہیں پہنچا۔

مختلف علاقوں میں سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کو گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہر کی مختلف سڑکوں پر کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بارش کے پانی کی وجہ سے بند ہوگئیں جس کی وجہ سے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی سوسائٹی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، ایئر پورٹ، سپر ہائی وے لنک روڈ، نیو ملیر، سعدی ٹاؤن، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، پہلوان گوٹھ، شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی روڈ، اختر کالونی، ہجرت کالونی، دہلی کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز موسلا دھار بارش ہوئی۔

کراچی کو صبح سویرے سے ہی گہرے بادلوں نے اپنی آغوش میں لے رکھا تھا جبکہ محکمۂ موسمیات نے بھی شہرِ قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، کچھ علاقوں میں بارش رکنے کے بعد بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی جبکہ کچھ علاقوں میں بارش اور بجلی میں آنکھ مچولی چلتی رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں